پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے سعودی عرب کے انتہائی اہم دورے پر روانہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سے سعودی عرب کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم ریاض میں8ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرس میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم کی سعودی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ محمد شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تجارت، صحت، توانائی، معدنیات، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف ریاض کانفرنس میں شریک ہونے والے دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر نجکاری عبد العلیم خان، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیر تجارت جام کمال بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔