جس کو نم آنکھوں کے ساتھ رب کو سونپا تھا، رب نے وہی ہمیں واپس لوٹا دیا ہے۔ سدھو موسے والے کے والدین کے جذبات اور اظہار خیال
بھارت کے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا، جنھیں مئی 2022ء کو پنجاب میں بیچ چوراہے قتل کردیا گیا تھا، ان کے چھوٹے بھائی شوبھدیپ کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
شبھدیپ کی تصاویر کو دیکھ کر کوئی کہہ رہا ہے کہ "کِنگ از بیک” تو کسی کا ماننا ہے کہ "یہ سدھو کا دوسرا جنم ہے۔”
چھوٹے سے شوبھدیپ نے ہلکے گلابی رنگ کی پگڑی باندھ رکھی ہے اور اپنے والد کی گود میں بیٹھے مسکراتے ہوئے کیمرے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
یاد رہے رواں برس مارچ میں سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
سدھو موسے والا کے والدین کا کہنا ہے کہ اس لمحے کو لفظوں میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ یوں لگتا ہے جسے پرنم آنکھوں سے رب کے سپرد کیا تھا، رب نے وہی ہمیں لوٹا دیا ہے۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شوبھدیپ تھا۔ 28 سالہ سدھو موسے والا بطور گلوکار بین الاقوامی سطح پر بہت مقبول تھے۔
29 مئی 2022 کو دن دیہاڑے انھیں جدید ترین ہتھیاروں سے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ واقعہ پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں پیش آیا تھا۔
شبھدیپ جونئیر کی پیدائش پر اس لیے بھی بہت بات ہوئی کیونکہ سدھو موسے والا کی والدہ کی عمر 58 سال ہے اور عام طور پر اس عمر میں بچے کو جنم دینا مشکل ہوتا ہے۔
چرن کور نے اس بچے کو آئی وی ایف یعنی ان وٹرو فرٹیلائزیشن تکنیک کے ذریعے جنم دیا تھا۔
آئی وی ایف ایک ایسا طریقہ کار ہے جس کے دوران عورت کے ایگز (انڈوں) کو مرد کے سپرم سے لیبارٹری میں فرٹیلائز کیا جاتا ہے اور اس کے بعد جنین کو عورت کے رحم (بچہ دانی) میں ڈالا جاتا ہے۔
آئی وی ایف ٹیکنالوجی کا استعمال اس وقت کیا جاتا ہے جب یا تو حمل قدرتی طور پر نہیں ہو سکتا یا حاملہ ہونے کے دیگر تمام طریقے ناکام ہو جاتے ہیں۔
آئی وی ایف ٹیکنالوجی پہلی بار 1978 میں متعارف کرائی گئی تھی۔
’اس ٹیکنالوجی نے بہت سے جوڑوں کو والدین بننے کی خوشی سے ہمکنار کیا ہے اور خواتین سے بانجھ پن کا لیبل دور کیا ہے۔‘