پاکستان اور ابوظہبی پورٹس گروپ کے درمیان ریلوے، ہوائی اڈوں کے انفراسٹرکچر، سمندری نقل و حمل، اور لاجسٹکس میں تعاون بڑھانے کے لیے چار مفاہمتی (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ معاہدے یو اے ای کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی قیادت میں آنے والے اماراتی وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران طے پائے۔
ان معاہدوں کے مطابق، پاکستان اور ابوظہبی پورٹس گروپ مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے، جن میں کسٹم سروسز کو ڈیجیٹل بنانے، پاکستان میں مال بردار ٹرینوں کے خصوصی راستے بنانے، پاکستان کے سمندری بیڑے کو جدید بنانے، اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی سہولیات کو بہتر بنانا شامل ہے۔ یہ تعاون پاکستان میں ریلوے اور ہوائی اڈوں کے انفراسٹرکچر کو ترقی دینے اور لاجسٹکس کو مزید مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ملاقات کے دوران، وزیر اعظم شہباز شریف نے امارات کے صدر شیخ محمد بن زید اور وزیر اعظم محمد بن راشد المکتوم کا پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کو فروغ مل رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یو اے ای کی یہ سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر یو اے ای کے وفد میں کہیل گروپ کے چیئرمین شیخ احمد دلموک المکتوم، ابو ظہبی پورٹس گروپ کے ایم ڈی اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن محمد الشامسی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ جبکہ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ، اور دیگر سرکاری افسران شامل تھے