عالم اسلام کی نمائندہ تنظیم رابطہ عالم اسلامی نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا ہے۔ تنظیم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے رابطہ عالم اسلامی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
رابطہ عالم اسلامی (مسلم ورلڈ لیگ) ایک عالمی تنظیم ہے جس کے ارکان تمام اسلامی ممالک اور تمام مسالک میں موجود ہیں۔ اس تنظیم کا مرکزی دفتر مکہ مکرمہ میں واقع ہے اور یہ تنظیم اسلام کی حقیقی صورت کو واضح کرنے اور اقوامِ عالم کے مابین پُرامن تعلقات کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔
کوئٹہ حادثے کے چند ہی گھنٹے بعد رابطہ عالم اسلامی کے مرکزی دفتر مکہ مکرمہ سے جاری بیان میں دھماکے کی مذمت کی گئی اور پاکستان کے عوام اور حکومت دونوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ اور واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اسے خلاف اسلام قرار دیا گیا۔ بیان میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
![](https://daarnews.com/wp-content/uploads/2024/11/Gb8X7W_XEAA0XzY-872x1024.jpg)
تنظیم کے مرکزی دفتر مکہ مکرمہ سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ رابطہ عالم اسلامی پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتی ہے جس میں دسیوں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ یہ نہایت افسوسناک واقعہ ہے، رابطہ عالم اسلامی لواحقین اور پاکستانی قوم کے ساتھ ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں رابطہ عالم اسلامی نے اس واقعے کو دہشت گردانہ واقعہ قرار دیا اور ایسے جرائم کے ارتکاب کو دینی تعلیمات کے خلاف قرار دیتے ہوئے ان کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان میں دہشت گردی کی ہر صنف اور ہر قسم کو خلافِ اسلام قرار دیا گیا۔
جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ رابطہ عالم اسلامی کی قیادت اور اراکین پاکستان اور اہل پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ ذات باری تعالی اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والے سولین اور فوجی جوانوں کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد شفاء عطا فرمائے۔