ریاض میں جاری عرب اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم اور حساس موضوع پر کانفرنس کا انعقاد سعودی عرب کے خطے کے متعلق مثبت عزم کی تائید ہے۔
انھوں نے کہا کہ خطے میں جس طرح عالمی قوانین کی پامالی کی گئی اور انسانوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا، اس سے خطرناک انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔
یہ صرف اسلامی یا عربی ممالک کا معاملہ نہیں ہے۔
ہم سمجھتے ہیں یہ پوری دنیا کے انسانوں اور ان کی انسانیت کا معاملہ ہے۔ جب زمین پر انصاف اور عدل نہیں ہوتا تب لوگ بغاوتوں پر اتر آتے ہیں۔
کیا دنیا کے تمام انسانوں کو معصوم بچے اور عورتوں کی لاشیں نہیں نظر آرہیں؟ یہ اسلامی یا عربی المیہ نہیں، یہ انسانی المیہ ہے۔