ارب پتی امریکی بزنس مین اور ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک، ہندوستانی نژاد امریکی کاروباری وویک رام سوامی کے ساتھ ملکر امریکہ کی نئی ٹرمپ انتظامیہ کی کارکردگی جانچنے والے محکمے ڈاگ کی(DOGE)قیادت کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ گریٹ ایلون مسک امریکی محب وطن وویک رام سوامی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کے محکمے (DOGE)کی قیادت کریں گے۔
ڈاگ (DOGE) ڈونلڈ ٹرمپ کے تحت آنے والی نئی انتظامیہ کے اندر ایک نیا مجوزہ ڈیپارٹمنٹ ہوگا جس کی تجویز بھی ایلون مسک نے دی ہے جسے بعد میں ٹرمپ نے حکومتی بیوروکریسی کے نظام کو بہتر بنانے اور اس کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے اس کی حمایت کی ہے۔ ڈاگ (DOGE) کا مطلب ہے "ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشیئنسی”۔
ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ مسک اور رامسوامی فضول خرچوں کو کم کرنے اور اضافی بوجھ کو کم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے تاکہ ان کی "امریکہ بچاؤ” تحریک کی عملی صورت سامنے آسکے۔ یہ دونوں محب وطن امریکی مل کر میری انتظامیہ کے لیے سرکاری بیوروکریسی کے خرچوں کو ختم کرنے، اضافی بوجھ میں کمی، فضول اخراجات میں کمی، اور وفاقی ایجنسیوں کی تنظیم نو کے لیے راہ ہموار کریں گے جو "امریکہ بچاؤ” تحریک کے لیے ضروری ہے۔
یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ یہ محکمہ کس طرح کام کرے گا۔ تاہم، ٹرمپ نے کہا کہ (DOGE) حالیہ دنوں کا ‘مین ہٹن پروجیکٹ’ ہو سکتا ہے۔ مین ہٹن پروجیکٹ ایک تحقیقی اور ترقیاتی پروگرام تھا جس کی قیادت امریکہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور کینیڈا نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کی تھی۔
ٹرمپ نے مزید کہا: میں ایلون اور وویک کی کارکردگی پر نظر رکھتے ہوئے وفاقی بیوروکریسی میں تبدیلیاں کرنے کا منتظر ہوں اور ساتھ ہی تمام امریکیوں کے لیے زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ان کی تجاویز کا خیر مقدم کروں گا، اہم بات یہ ہے کہ ہم اس بڑے پیمانے پر جاری دھوکہ دہی کو ختم کر دیں گے جو ہمارے سالانہ 6.5 ٹریلین ڈالرز کے سرکاری اخراجات میں موجود ہے۔
انہوں نے نوٹ کہا کہ رام سوامی اور مسک کی زیر قیادت یہ محکمہ (DOGE) ریپبلکن کے طویل مدتی خوابوں کو حقیقت میں بدل دے گا کیونکہ یہ حکومت کے باہر سے مشورہ اور رہنمائی فراہم کرے گا۔
ایک بیان میں، ایلون مسک نے کہا کہ (DOGE) ایک خاص سسٹم کے ذریعےشفافیت کو یقینی بنائے گا اور چند جھٹکوں میں بیکار اور فضول چیزوں کو باہر کردے گا، محکمے کے تمام اقدامات آن لائن پوسٹ کیے جائیں گے۔ جب بھی عوام کو لگے ہے کہ ہم کسی اہم چیز کو نکال رہے ہیں یا کسی فضول چیز کو نہیں نکال رہے تو آپ ہمیں بتا سکیں گے۔ ہمارے پاس آپ کے ٹیکس میں دیے ڈالرز کو انتہائی بے ہودہ اخراجات کے لیے صرف کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وویک رامسوامی نے کہا کہ (DOGE) جلد ہی حکومتی فضلے اور دھوکہ دہی کی معلومات کو جمع کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ امریکیوں نے سخت حکومتی اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا ہے اور وہ اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کا مکمل حق رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ختم ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کو شکست دے کر وائٹ ہاؤس میں زبردست واپسی کی ہے اور وہ ان دنوں اپنی کابینہ تشکیل دینے میں مصروف ہیں۔