امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متربہ پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دنیا میں مزید جنگیں نہیں لڑیں گے بلکہ پہلے سے جاری جنگوں کو ختم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم امریکی فوج کو جنگوں میں ضائع کرنے کی بجائے اسے مضبوط بنائیں گے۔
فلوریڈا میں اپنے ریزارٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مشرق وسطی ہماری ترجیحات کا پہلا مرکز ہوگا۔ ہم اپنے کاموں کا آغاز وہاں سے کرنے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہماری پہلی ترجیح مشرق وسطیٰ میں مکمل امن کا قیام ہے۔ اور ہم یہ کریں گے۔
انھوں نے یوکرین اور روس کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کو بہت پہلے ختم ہوجانا چاہیے تھے تاہم ہم اب اس پر بھی کام کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے کوئی پلان یا کسی بھی طرح کی تفصیلات کا ذکر کیے بغیر کہا کہ وہ دونوں جنگوں کا خاتمہ کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی عظیم فوج ہے۔ ہم کم ترین ٹیکس کی شرح کے ساتھ آگے بڑھیں گے لیکن اپنی فوج کے اخراجات پر کمرومائز نہیں کریں گے۔ ہم اپنی فوج کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انھوں نے کہا ہم امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جس شخص کو امریکہ کا وزیر دفاع مقرر کیا ہے وہ امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کا سابق اینکر پیٹ ہیگستھ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جس شخص کی اپنی سی وی نہایت کمزور ہے اُسے صدر ٹرمپ نے 34 لاکھ امریکی فوجیوں کی سربراہی سونپ دی ہے۔