فیسبک اور ٹویٹر پر اسلام آباد کے صارفین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں قائم ہونے والے سعودی آرامکو کے فیول فلنگ اسٹیشن سے فیول ڈلوانے پر نہ صرف گاڑیوں کی فیول ایوریج بہتر ہوگئی ہے بلکہ گاڑیوں کی صلاحیت اور کار کردگی میں بھی بہتری محسوس ہونے لگی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے گزشتہ مہینے لاہور اور اسلام آباد میں آرامکو کے فیول اسٹیشنز کھلنے پر کافی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حالیہ اعلانات کے بعد فوری طور پر سعودی آرامکو نے پاکستانی گو پیٹرولیم کے ساتھ معاہدوں کے بعد فیول کی سیلنگ شروع کردی تھی۔
ابتدائی طور پر لاہور اور اسلام آباد میں فیول اسٹیشنز کھولے گئے ہیں تاہم آرامکو حکام نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے دیگر صوبوں اور شہروں میں 1200 مزید پیٹرول پمپس کھولے جائیں گے جہاں سعودی فاسٹ فوڈ چین "البیک” بھی دستیاب ہوگا۔