سابق پاکستانی آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی جھوٹ بول رہی ہیں۔ مجھے ایسی کوئی کال نہیں موصول ہوئی جس میں سابق وزیر اعظم کے متعلق کچھ کہا گیا ہو۔
اُن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کعبہ شریف میں جاکر یہ کہنے کو تیار ہیں کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ بشری بی بی کا یہ بیان جھوٹا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے دور حکومت میں عمرہ کرنے سعودی عرب گئے تو وہ ننگے پاؤں مدینہ منورہ میں داخل ہوئے تھے۔
ان کے وفد میں موجود سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو تب کسی کا فون آیا۔ سابق آرمی چیف سے کہا گیا کہ یہ تم کن شریعت کے ٹھکیداروں کو اٹھا لائے ہو۔ ہم تو خود یہاں سے شریعت ختم کرنے لگے ہیں۔
اس پر سابق پاکستانی آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی جھوٹ بول رہی ہیں۔ انھیں ایسی کوئی کال موصول نہیں ہوئی۔
توقع ظاہر کی گئی ہے کہ بشری بی بی کے اس بیان پر جس میں انھوں نے سعودی حکام پر الزام عائد کیا ہے، آئی ایس پی آر کی طرف سے بھی وضاحت جاری کی جائے گی۔ ماہرین سیاست و سفارت کا کہنا ہے کہ بُشری بی بی کا یہ بیان انتہائی نا مناسب بلکہ سنگین نوعیت کا الزام ہے۔