سعودی عرب کے تجارتی اخبار الاقتصادیہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ایک ما تحت کمپنی "تراث المدینہ” نے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار کھجور سے ایک کولا تیار کیا ہے۔ اسے "میلاف کولا” کے نام سے عنقریب لانچ کردیا جائے گا۔
ریاض میں جاری کھجور میلے کے دوران سعودی عرب کے وزیر زراعت عبد الرحمن الفضلی اور "تراث المدینہ” کے سی او او ڈاکٹر بندر القحطانی نے کھجور سے تیار کیے گئے "میلاف کولا” کے ذائقے کو چیک کیا اور کمپنی کے کام کو سراہا۔ اس مشروب میں کھجور کے استعمال کو سب سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ "میلاف کولا” ذائقے اور معیار میں تمام قسم کے کولا برانڈز سے آگے ہوگا۔ اسے ایک بار ہینے والے مارکیٹ میں دستیاب تمام کولا برانڈز کو بھول جائیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ذائقے کے علاوہ اس میں شامل کھجور کے غذائی اجزا ، اسے باقی تمام مشروبات سے ممتاز بنادیتے ہیں۔
واضح رہے کہ "تراث المدینہ” نامی یہ کمپنی گزشتہ کچھ عرصے سے ، کھجور سے مصنوعات کی تیاری میں مصروف ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ "میلاف کولا” کی تیاری میں انٹرنیشنل فوڈ سٹینڈرڈز کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سرمائے سے پچھلے سال "سوانی” نامی ایک کمپنی بنائی گئی تھی جس کا مقصد صرف اونٹنی کے دودھ سے مصنوعات تیار کرنا تھا۔
اب کی بار پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے "تراث المدینہ” نامی کمپنی کے ذریعے کھجور سے "میلاف کولا” ایجاد کیا ہے۔ ڈاکٹر بندر القحطانی نے کہا کہ یہ مشروب معیار اور ذائقے میں تو بے مثال ہے ہی لیکن ساتھ ہی یہ کولا، مشروبات کی دنیا میں پہلی بار کھجور کی تاثیر کے ساتھ قدم رکھے گا۔
یاد رہے کہ ریاض کے کھجور میلے میں "میلاف کولا” دستیاب ہے۔ تاہم اس کی باقاعدہ لانچنگ ابھی نہیں کی گئی۔ امید کی جا رہی ہے کہ اسے اگلے چند دنوں میں پورے سعودی عرب میں مہیا کردیا جائے گا۔ سعودی شہریوں اور مقیم اجنبیوں نے سوشل میڈیا پر "میلاف کولا” کے متعلق عوامی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔