وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کسی کو بھی ڈی چوک پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ جو ڈی چوک آئے گا اسے گرفتار کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ سارے داخلی دروازے بند نہیں ہیں۔ تاہم راستے کھلے ہوں یا بند ہوں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ لوگ پہلے بھی درختوں کو آگ لگا چکے ہیں اور لوگوں کے جان و مال کو نقصان پہنچا چکے ہیں۔
ہم ایسے کسی احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے جس کی اجازت عدالت نہیں دے رہی، حکومت نہیں دے رہی اور انتظامیہ نہیں دے رہی۔ تحریک انصاف کے لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ ایسا احتجاج کیوں کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت کوئی متعلقہ ادارہ نہیں دے رہا۔
انھوں نے کہا کہ دوسری طرف کے پی میں لاشیں گر رہی ہیں، لوگ مر رہے ہیں، ہمارے فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔ بدترین حالات ہوچکے ہیں صوبے کے، ایسے میں اپنا صوبہ سنبھالنے کی بجائے وفاقی دار الحکومت پر چڑھائی کرنا، کہاں کی دانش مندی ہے؟