حرمین شریفین پریزیڈینسی کے سربراہ اور امام و خطیب حرم مکی فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس آج مدینہ منورہ کا دورہ کریں گے۔ وہ روزہ اقدس پر حاضری دیں گے اور مسجد نبوی میں اپنا ماہانہ درس حدیث ارشاد فرمائیں گے۔
اس دورے کے دوران وہ مسجد نبوی کے ائمہ اور خطباء سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ ائمہ و خطباء سے متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ ائمہ کرام سے ملاقات کے دوران انھیں اعتدال پسند مذہبی پیغام کو مضبوط کرنے کی ترغیب دیں گے۔
وہ مسجد نبوی کے نئے تعینات ہونے والے ائمہ کرام کو مبارکباد بھی پیش کریں گے اور دیگر دینی امور کا جائزہ بھی لیں گے۔ مسجد نبوی کے صحن میں جاری حفظ قرآن اور حدیث نبوی کی کلاسز کی جائزہ رپورٹس بھی دیکھیں گے۔
وہ زائرین کی سہولت کے لیے مسجد نبوی میں شروع کیے گئے نئے منصوبوں کا جائزہ بھی لیں گے۔
ان کی موجودگی میں جدید طریقوں سے دینی اور شرعی علوم کو پھیلانے اور سکھانے کے ذرائع پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ دنیا بھر سے آئے مسلمانوں کی مسلسل دیکھ بھال کے معیارات کو مزید بہتر بنانے پر مشاورت کی جائے گی۔