پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی آسانی کے لیے ایک نئی موبائل ایپ لانچ کی ہے۔ اتوار کے روز وزارت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ موبائل ایپلیکیشن پاکستان سے عازمین حج کی سہولت کے لیے بنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکسستان میں پیر کے روز سے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔ سعودی عرب نے اگلے سال ادائیگی حج کے لیے پاکستان کو 179210 عازمین کو حجاز مقدس روانہ کرنے کا کوٹہ دیا ہے۔ حج 2025 کے لیے پاکستان کے 15 مختلف بنکوں کو حج درخواستیں وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
- حکومت پاکستان نے قسطوں پر حج پالیسی متعارف کروا دی، پہلے آئیں پہلے پائیں
- پاکستان کی وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 منظور کرلی، حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہو گا
پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین حج کو ہر مرحلے کے مطابق اپ ڈیٹ دی جاتی رہیں گی۔ اس ایپ کے ذریعے عازمین اپنے تربیتی شیڈول سے لے کر تمام حج امور ، مناسک حج اور دوسری آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں مکہ، مدینہ کے راستوں کو میپ کے ذریعے سمجھ سکیں گے۔
پاکستانی عازمین حج نے پچھلے سال اپنی آئی فونز اور اینڈرائیڈ فونز سے ایپ کا استعمال کیا تھا۔ اسی ایپ کے ذریعے انہیں تازہ ترین معلومات اور رہنمائی میسر آتی رہی۔ اب اگلے سال کے لیے وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے لیے تیار کی گئی نئی ایپ کو ‘پاک حج 2025’ کا نام دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے رواں ماہ حج 2025 کے لیے پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت 2 لاکھ روپے کی پہلی قسط کے ساتھ حج درخواستیں جمع کرائی جائیں گی۔ جبکہ 4 لاکھ روپے کی دوسری قسط قرعہ اندازی کے دس دنوں کے اندر جمع کرانا ہوگی اور بقیہ رقم کی ادائیگی 10 فروری تک لازمی کرنا ہوگی۔