ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت محسوس کی جارہی ہے۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گر گیا، جو ملک بھر میں سب سے کم رہا۔ کوئٹہ اور مالم جبہ میں منفی 4، زیارت میں منفی 3، اور مری میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح کا درجہ حرارت 3 ڈگری، لاہور میں 6، پشاور میں 7، اور کوئٹہ میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سرد علاقوں میں اسکردو اپنی شدید سردی، کم روشنی کے اوقات، اور اوسطاً 6 گھنٹے روزانہ دھوپ کے ساتھ نمایاں ہے۔ اسکردو میں رات کے وقت درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گرتا ہے، جو اس علاقے کی روایتی سردی کی علامت ہے۔
کراچی میں بھی موسم کی تبدیلی کیساتھ سردی کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت صبح کے اوقات میں تقریباً 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور آنے والے دنوں میں مزید کمی کی توقع ہے۔
ملک کے سرد علاقوں میں دھند اور برفباری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے اور خاص طور پر شمالی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔