سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے ریاض میں سعودی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر میں پاکستان کے وزیر داخلہ اور وزیر برائے انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینا اور منشیات کی اسمگلنگ سمیت مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنا تھا۔
یہ اعلیٰ سطحی اجلاس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کی ہدایات پر منعقد ہوا۔ شہزادہ عبدالعزیز نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مضبوط اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی اور محسن نقوی نے دونوں ممالک کے گہرے مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے مشکل وقت میں سعودی عرب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور مملکت کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انسداد منشیات کی کارروائیوں اور امیگریشن کنٹرول میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے سرحد پار جرائم اور دیگر ابھرتے ہوئے سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے تجربات اور وسائل کے تبادلے پر بھی بات چیت کی۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے کی جبکہ دیگر اراکین میں سفیر احمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفیٰ جمال قاضی اور وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری رفعت مختار راجہ شامل تھے۔ سعودی وفد میں نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر الداود اور ڈائریکٹر پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے