سعودی عرب نے جرمنی کے شہر ماگڈیبرگ کے ایک کرسمس بازار میں پیش آنے والے ہولناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جہاں ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی۔ اس افسوسناک واقعے میں دو افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور جرمن عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ سعودی عرب نے ہر قسم کے تشدد کی مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
یہ افسوسناک واقعہ شام 7 بجے کے قریب پیش آیا جب بازار میں خریداری کے لیے ہجوم موجود تھا۔ ایک گاڑی نے جان بوجھ کر ہجوم کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ایک بالغ شخص اور ایک بچہ جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق، کم از کم 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
جرمن حکام نے موقع پر ہی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
سعودی عرب نے اس افسوسناک وقت میں جرمنی کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے جرمن حکومت اور عوام سے ہمدردی ظاہر کی۔