دمشق : قطر نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام کے ساتھ ملحقہ بفر زون سے "فوری طور پر دستبردار” ہوجائے۔ یہ بات قطری وزیر اعظم نے جمعرات کو دمشق کے دورے کے دوران کہی، انھوں نے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شامی علاقوں میں نئے سرے سے اسرائیلی فوجوں کے داخلے کی مذمت کی۔
شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے شامی رہنما احمد الشارع کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بفر زون پر اسرائیل کا قبضہ ایک غیر ضروری عمل ہے، اسے فوری طور پر واپس لینا چاہیے۔ شیخ محمد نے تقریباً 14 سال کی خانہ جنگی سے تباہ ہونے والے شام کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے تعاون کا عزم بھی کیا۔
شیخ محمد نے احمد الشارع کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "ہم شام کے بنیادی ڈھانچے کو دوبارہ فعال بنانے اور بجلی کے شعبے کو بہتر کرنے کے لیے ضروری تکنیکی مدد فراہم کریں گے”۔ قطر کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ قطر ابتدائی طور پر شام کو 200 میگاواٹ مفت بجلی فراہم کرے گا جس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔