امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایک عظیم آدمی ہیں، ٹرمپ ڈیووس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ اُن کا محمد بن سلمان کے ساتھ بہت اچھا تعلق ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہماری دوستی دونوں ملکوں کے لیے بہتری اور مضبوط تعلقات کا باعث بنی رہے گی۔
ٹرمپ کے مطابق سعودی عرب آنے والے وقت میں امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ سعودی ولی عہد کے ساتھ امریکا میں مملکت کی سرمایہ کاری کا حجم 1000 ارب ڈالر تک پہنچانے کے امکان پر بات کریں گے۔
اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ وہ سعودی عرب اور اوپیک نتظیم سے تیل کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے، صدر منتخب ہوجانے کے بعد سب سے پہلے انھیں سعودی ولی عہد نے ٹیلی فون کال کی اور صدر بننے کی مبارکباد پیش کی۔
بین الاقوامی طور پر یہ بات مشہور ہے کہ صدر ٹرمپ اور سعودی ولی عہد کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔
دو طرفہ تجارتی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کے علاوہ مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان قیام امن کے حوالے سے بہت چیزوں پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
سعودی ولی عہد امریکہ کی نئی ٹرمپ انتظامیہ پر واضح کر چکے ہیں کہ امریکہ سعودی عرب میں سرمایہ کاری کر سکتا جبکہ سعودی عرب امریکہ میں بڑی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔
محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، امریکہ میں تجارتی تعلقات کو وسعت دے کر اس کا مجموعی تخمینہ 600 ارب ڈالر تک پہنچانا چاہتا ہے۔ اضافی مواقع کی صورت میں اس رقم میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔