سعودی عرب نے سوڈان کے علاقے دارفور میں الفاشر کے سعودی ٹیچنگ میٹرنل ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اس واقعے میں 70 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے، جسے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی واضح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، حملے کے وقت ہسپتال مریضوں سے بھرا ہوا تھا، جو علاج حاصل کر رہے تھے۔ یہ ہسپتال محصور شہر میں واحد فعال طبی سہولت تھی۔
سعودی پریس ایجنسی کے ذریعے جاری بیان میں وزارت خارجہ نے متاثرہ خاندانوں سے گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سعودی عرب نے ایسے پرتشدد واقعات کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے طبی اور انسانی کارکنوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
مملکت نے 11 مئی 2023 کو جاری جدہ ڈیکلریشن آف کمٹمنٹ ٹو پروٹیکٹ دی سوڈانی سولینز میں کیے گئے وعدوں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
اس کے ساتھ ہی تمام فریقین سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے کی درخواست کی، جبکہ بین الاقوامی اصولوں پر عمل درآمد اور کمزور عوام کی حفاظت کی فوری ضرورت پر زور دیا۔