قلات حملے میں 18 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوابی کارروائی کا پیغام دیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہمارا دشمن بزدل ہے، وہ ناکام ہوگا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ایم ایچ میں اس حملے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دشمن عناصر اپنے غیرملکی آقاؤں کی پراکسیز بنے ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ ان دہرے معیار والوں کو ہم خوب جانتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ یہ نام نہاد دوست نما دشمن چاہے کچھ بھی کر لیں، انھیں ہماری قابل فخر قوم اور فوج کی مزاحمت کے سامنے ہر صورت شکست ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ اپنے وطن اور اس کے عوام کے لیے ہم ہر صورت ان حملوں کا جواب دیں گے اور جب بھی ضرورت ہو گی اور جہاں پر بھی ضرورت ہوگی، ہم ان کا تعاقب کر کے انھیں شکست سے دوچار کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران آرمی چیف کو صوبے میں سکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف کے ساتھ اس بریفنگ میں فوج کے دیگر سینیئر سکیورٹی اور انٹیلیجنس حکام بھی موجود تھے۔
آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے جنازوں میں شرکت بھی کی ہے۔