سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مملکت کے فلسطین کے حوالے سے مضبوط، قابلِ فخر اور غیر متزلزل مؤقف پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ فلسطینی عوام کے اس حق کی حمایت کرتا رہے گا کہ وہ اپنی آزاد ریاست قائم کریں، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مؤقف عالمی انصاف کے اصولوں اور اسلامی اخوت کے عین مطابق ہے۔
ریاض میں منعقدہ سینئر علما کونسل کے 96ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے، مفتی اعظم نے سعودی وژن 2030 کے تحت ہونے والی نمایاں کامیابیوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وژن نہ صرف مملکت کے شہریوں بلکہ یہاں مقیم تمام افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
اس اجلاس میں کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ فہد المجید اور دیگر علما نے بھی شرکت کی۔
مفتی اعظم نے اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سینئر علما کونسل کو دی جانے والی مسلسل حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کی قیادت نے ہمیشہ اسلامی اصولوں کی روشنی میں فیصلے کرنے کے لیے علما کی سرپرستی کی ہے۔
ان کے تعاون سے کونسل کو مختلف مذہبی اور سماجی امور پر تحقیق اور اسلامی شریعت کی بنیاد پر درست فیصلے کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کونسل کے نئے ارکان کو بھی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی یکجہتی، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کا یہ سفر شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کے دور سے شروع ہوا، جو آج شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مزید مستحکم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت کی قیادت، انصاف، شفافیت اور انسدادِ بدعنوانی جیسے اصولوں پر کاربند ہے، جس کے باعث یہاں کے شہری اور تارکین وطن امن و سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔
مفتی اعظم نے حرمین شریفین کی خدمت اور زائرین کی دیکھ بھال کے حوالے سے سعودی حکومت کے بے مثال اقدامات کو سراہا اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) کی انسانی ہمدردی کی خدمات کی تعریف کی، جو دنیا بھر میں ضرورت مندوں کو امداد فراہم کرتا ہے۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ فہد المجید نے بتایا کہ اجلاس میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے بھیجے گئے اہم امور زیر غور آئے، جن کا تفصیلی جائزہ ماہرین اور علما نے لیا۔
اجلاس میں متعدد تحقیقی مطالعات اور رپورٹس پر بھی غور کیا گیا، جو مملکت میں ترقی اور اسلامی اصولوں کے مطابق پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گی۔