لاہور میں 16 روزہ رنگا رنگ ثقافتی میلہ، ہارس اینڈ کیٹل شو شاندار اختتام کو پہنچ گیا۔
یہ ثقافتی میلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی میزبانی اور آرمی چیف عاصم منیر کی خصوصی شرکت کے ساتھ منعقد ہوا تھا۔
اس شو میں سینکڑوں ڈھولچیوں نے روایتی انداز میں ڈھول بجا کر اپنی فنکارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
جبکہ برق رفتار گھڑ سواروں نے پاکستانی سبز ہلالی پرچم اٹھائے، آگ سے جلتے کلے نیزوں سے اکھاڑ کر شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔
کبڈی کے نمائشی میچ میں پنجاب کے پہلوانوں کی دو ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، جبکہ گھڑ سواروں، رقص کرتے اونٹوں، اور مختلف نسلوں کی بکریوں، بھینسوں اور بھیڑوں کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔
اس رنگا رنگ میلے میں سندھی، بلوچی اور کشمیری ثقافتی رقص سے حاضرین خوب لطف اندوذ ہوئے۔
معروف گلوکار راحت فتح علی خان اور عارف لوہار نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ مشہور کوریوگرافر وہاب شاہ نے سینکڑوں فنکاروں کے ساتھ روایتی گیت ’شالا وسدا روے پنجاب‘ پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
ہارس اینڈ کیٹل شو میں 20 مختلف ممالک، بشمول ترکیہ، دبئی، آذربائیجان، یوکرین اور ایتھوپیا سے آئے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
پہلی بار لاہور میں شندور پولو کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جنہیں شہریوں نے بے حد پسند کیا۔
جیلانی پارک میں ڈاگ شو بھی عوامی توجہ کا مرکز رہا، جہاں جرمن شیفرڈ سمیت اعلیٰ نسل کے کتوں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
سات روزہ نیزہ بازی کے مقابلوں میں غیر ملکی ٹیموں نے بھی شرکت کی، جبکہ بزکشی، تیر اندازی اور گھڑ سواروں کے سنسنی خیز مقابلے بھی منعقد ہوئے، جو اس میلے کا ایک اہم حصہ رہے۔