اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ ثانی اور شام کے صدر احمد الشرع کے درمیان عمان میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سلامتی اور استحکام پر گفتگو کی گئی۔
شاہ عبداللہ نے شام کی تعمیر نو کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ شام کے اتحاد، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام سماجی عناصر کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔
یہ دورہ شام اور اردن کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جس میں احمد الشرع کے ہمراہ شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔
یہ ان کا سعودی عرب اور ترکیہ کے بعد تیسرا بین الاقوامی دورہ ہے۔
دونوں ممالک نے اپنی مشترکہ سرحد کو محفوظ بنانے اور اسلحہ و منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات کے دوران شاہ عبداللہ نے جنوبی شام اور اردن کی سرحد کے قریب اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔