ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ان کی آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
بعد ازاں، معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں پاکستان کی مسلح افواج کے خصوصی دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے جھنڈے اٹھائے بچوں نے ولی عہد کو خوش آمدید کہا۔
ابوظبی کے ولی عہد کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا، جس میں وزرا، سینئر حکام اور معروف کاروباری شخصیات شامل ہیں۔
ان کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا، جہاں خیرمقدمی بینرز اور دونوں ممالک کے جھنڈے آویزاں کیے گئے۔
پاکستانی حکام کے مطابق، اس دورے میں ولی عہد پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو مزید تقویت دینے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔
اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے