کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے پاکستان کے 28 اضلاع میں 30 ہزار غذائی پیکجز کی تقسیم کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، اس امدادی منصوبے کے پہلے مرحلے میں ایسے افراد کو راشن فراہم کیا گیا جو شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔
ہر فوڈ پیکج کا مجموعی وزن 95 کلو گرام تھا، جس میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی اور 5 کلو چنے شامل تھے۔
یہ امدادی مہم کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی اور اس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، حیات فاؤنڈیشن، اور پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے بھرپور تعاون کیا۔
یہ اقدام پاکستان میں غذائی قلت پر قابو پانے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود میں بہتری لانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مسلسل انسانی ہمدردی کے مشن کا حصہ ہے۔