خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے رمضان المبارک کی آمد پر جود ریجنز مہم کے لیے 150 ملین سعودی ریال کا عطیہ دیا ہے، جس کا مقصد سعودی عرب میں مستحق خاندانوں کو گھر فراہم کرنا ہے۔
اس مہم کے تحت شاہ سلمان نے 100 ملین ریال جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان نے 50 ملین ریال عطیہ کیے۔
وزیر بلدیات و رہائش ماجد الحقیل نے اس تعاون کو رہائشی منصوبوں کے لیے شاہی سرپرستی کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ یہ امداد مستحق خاندانوں کی زندگی کے معیار اور استحکام میں نمایاں بہتری لائے گی۔
ماجد الحقیل نے بتایا کہ یہ مہم ترقیاتی رہائش فاؤنڈیشن (سَکَنْ) کی جاری کاوشوں کا حصہ ہے، جو جود ہاؤسنگ پلیٹ فارم کے ذریعے مستحق افراد کو گھر فراہم کر رہی ہے۔
اب تک 41,500 سے زائد رہائشی یونٹس مہیا کیے جا چکے ہیں۔
اس سال کی جود ریجنز مہم 2024 کا نعرہ سخاوت ایک موقف کا تقاضا کرتی ہے” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد رمضان کے دوران سماجی شعور بیدار کرنا اور عوام کو مستحق خاندانوں کی مدد میں شامل کرنا ہے۔
وزیر بلدیات و رہائش نے اس اقدام کو حکومتی، نجی، غیر منافع بخش اداروں اور عوام کے درمیان تعاون کی علامت قرار دیا، جس سے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مہم مستحق خاندانوں کو باعزت رہائش فراہم کرنے میں مؤثر ثابت ہوگی اور جود ہاؤسنگ پلیٹ فارم کے ذریعے بڑے پیمانے پر عطیات اکٹھے کرنے میں مدد ملے گی، تاکہ ان خاندانوں کی زندگی کے معیار اور استحکام کو بہتر بنایا جا سکے۔