مسجد الحرام میں زائرین کی سہولت کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھا لیا گیا، حرمین کی دیکھ بھال کی اتھارٹی نے ایک جدید یونیفائیڈ پورٹل متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے عمرہ زائرین رمضان کے دوران الیکٹرانک ویل چیئر (گالف کارٹ)، ویل چیئر کارکن کے ساتھ یا مفت ویل چیئر کے لیے پیشگی بکنگ کر سکتے ہیں۔
انتظار کی زحمت ختم اب زائرین اپنے سمارٹ فون کے ذریعے مقررہ وقت کے لیے اپنی ضرورت کے مطابق ویل چیئر بک کر سکتے ہیں، تاکہ وہ مسجد الحرام پہنچتے ہی اپنی بک کی گئی ویل چیئر فوری طور پر حاصل کر سکیں اور عبادات میں یکسوئی کے ساتھ مصروف رہیں۔
مزید برآں، مسجد الحرام کی چھت پر معذور اور بزرگ افراد کے لیے 50 خصوصی گالف کارٹس کی نئی سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے، جو اتھارٹی کی زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ جدید اقدامات مسجد الحرام میں عبادت کے دوران سہولت اور سکون کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔