سابق پاکستانی مندوب اور عالمی سفارتکار ملیحہ لودھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کو عالمی اقتصادیات کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس ہمیشہ سے موجود تھا، لیکن نئے ٹیرف سے یہ مصنوعات امریکا میں مزید مہنگی ہو جائیں گی، جس کا اثر پاکستانی ایکسپورٹس پر پڑے گا۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام صرف پاکستان کے لیے نہیں، بلکہ عالمی سطح پر تجارتی جنگ کو بڑھا سکتا ہے، کیونکہ چین اور امریکا کے درمیان دنیا کا سب سے بڑا تجارتی تعلق ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اضافی ٹیرف سے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور مختلف ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
سابق پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو امریکا کے ٹیرف سے بچنے کے لیے اپنی ایکسپورٹس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ امریکا اور چین کے درمیان اس تجارتی جنگ میں پاکستان کہاں تک ایڈجسٹ کر سکتا ہے۔
یہ معاملہ صرف تجارتی تعلقات کی بات نہیں، بلکہ عالمی سطح پر معاشی استحکام کے لیے ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔