نیویارک میں منعقدہ اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ECOSOC) کے انتخابات میں پاکستان کو 4 سالہ مدت کے لیے اقوام متحدہ کے بااثر کمیشن برائے منشیات (Commission on Narcotic Drugs) کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ کامیابی 2026 سے 2029 تک پاکستان کی فعال شمولیت کی راہ ہموار کرے گی۔
پاکستانی مشن برائے اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اہم عالمی ادارے کی رکنیت پاکستان پر عالمی برادری کے اعتماد اور بھروسے کا مظہر ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اقتصادی و سماجی کونسل کی حمایت پر شکر گزار ہے اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر انسداد منشیات کی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ منشیات کی اسمگلنگ، پیداوار اور استعمال کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ علاقائی اور عالمی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسیوں میں پاکستان کا کردار نہ صرف سرگرم بلکہ تعمیری رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں منشیات سے متعلق پالیسی سازی اور مباحثوں میں پاکستان کی فعال شرکت نے اسے اس اہم منصب کا اہل ثابت کیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی یہ کامیابی عالمی فورمز پر اُس کے بڑھتے ہوئے کردار اور بین الاقوامی ساکھ کی واضح علامت ہے۔ مستقبل میں یہ رکنیت پاکستان کو نہ صرف انسداد منشیات کی عالمی حکمت عملیوں میں شامل کرے گی بلکہ ملک کو پالیسی سازی میں رہنمائی کا موقع بھی فراہم کرے گی۔