نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندہ سید عاطف رضا نے عالمی برادری کی توجہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات اور اس میں بیرونی مداخلت کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کو ہمارے بنیادی دشمن بھارت سے مالی و عسکری مدد حاصل ہو رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں اسلحہ کے غیر قانونی پھیلاؤ سے متعلق ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عاطف رضا نے کہا، "ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ لاوارث اور مہلک ہتھیاروں کے ذخائر کو بازیاب کرائیں اور ان کی دہشت گرد گروہوں تک رسائی کو روکا جائے۔” انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلحے کی غیر قانونی بلیک مارکیٹ کو بند کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں کا غلط استعمال اور ان کا غیر قانونی بہاؤ نہ صرف مسلح تنازعات کو ہوا دیتا ہے بلکہ ترقی پذیر ممالک کی سماجی و اقتصادی بنیادوں کو بھی کمزور کرتا ہے۔ ان کے مطابق، "یہ ہتھیار علاقائی امن، قومی سلامتی اور انسانی جانوں کے لیے براہِ راست خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ہتھیاروں کی قومی سرحدوں کے پار آزادانہ منتقلی اور ان کے غیر ریاستی مسلح گروہوں کے ہاتھوں میں پہنچنے سے عالمی سطح پر امن و امان کے خدشات میں شدید اضافہ ہوا ہے۔
سید عاطف رضا نے عالمی اداروں اور ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلحے کی غیر قانونی تجارت پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، تاکہ دنیا بھر میں امن، ترقی اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکے