سعودی عرب کے خوبصورت پہاڑی شہر طائف میں ان دنوں جاری کلاسک کاروں کا میلہ مقامی شہریوں اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک یادگار تجربہ بن چکا ہے۔ یہ دلکش میلہ جہاں گاڑیوں کے شوقین افراد کو لبھاتا ہے، وہیں ماضی کی یادوں کو بھی تازہ کر دیتا ہے۔ الاخباریہ چینل کی رپورٹ کے مطابق، میلہ دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد طائف کا رخ کر رہی ہے، جہاں رنگا رنگ ماحول، چمچماتی گاڑیاں اور قدیم ڈیزائن سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
میلے میں رکھی گئی ہر گاڑی اپنے اندر ایک دور کی کہانی سموئے ہوئے ہے۔ شہری زیاد الحارثی نے گاڑیوں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کلاسک کاریں ماضی کے اس سنہری دور کی نمائندگی کرتی ہیں جب یہ سڑکوں پر شان و شوکت سے دوڑا کرتی تھیں۔ ایک اور شائق نے گاڑیوں کی شاندار حالت دیکھ کر کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وقت نے انہیں چھوا ہی نہیں، یہ کاریں آج بھی ویسی ہی خوبصورت اور جاذب نظر ہیں جیسی اپنے وقت میں ہوا کرتی تھیں۔
یہ میلہ نہ صرف بڑوں بلکہ بچوں کے لیے بھی ایک خواب جیسا ہے۔ بچے ان تاریخی گاڑیوں میں بیٹھ کر تصویریں بنوا رہے ہیں، سیلفیاں لے رہے ہیں اور اپنی پسندیدہ فلموں کے مناظر کو یاد کر رہے ہیں۔ کلاسک کاروں کے ساتھ ساتھ قدیم ٹرک، جیپیں اور دیگر خصوصی گاڑیاں بھی اس نمائش کا حصہ ہیں، جو ہر فرد کے ذوق کے مطابق کچھ نہ کچھ نیا اور دلچسپ پیش کرتی ہیں۔
طائف کا یہ میلہ نہ صرف کار شوقین افراد کے لیے ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے بلکہ یہ شہر کی ثقافت، سیاحت اور عوامی دلچسپیوں کے فروغ کی بھی ایک عمدہ مثال ہے۔ یہ ایونٹ طائف کو ایک زندہ دل شہر کے طور پر پیش کر رہا ہے، جہاں ماضی کی جھلکیاں آج کے عہد میں بھی لوگوں کو متاثر کر رہی ہیں۔