اسلام آباد : وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا باضابطہ آغاز کل (منگل) سے ہو رہا ہے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک کی منرلز کمپنیاں شرکت کریں گی، اور اہم سرمایہ کاری معاہدے متوقع ہیں۔
اسلام آباد میں ایم ڈی او جی ڈی سی ایل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان کے معدنی وسائل اور مائننگ کے مواقع کو عالمی منظرنامے پر اجاگر کرنے کے لیے اس فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ دو روزہ ایونٹ 8 اور 9 اپریل کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح دنیا کے دیگر ممالک عالمی سرمایہ کاری کے لیے اپنی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں، پاکستان بھی اس سطح پر اپنا لوہا منوائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجود معدنیات کے بے پناہ ذخائر کو ابھی تک معیشت میں مکمل طور پر شامل نہیں کیا جا سکا، اور یہ ایونٹ اس خلا کو پُر کرنے کی ایک عملی کوشش ہے۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ ایونٹ میں ترکیہ، چین، آذربائیجان اور امریکا سمیت کئی اہم ممالک کے سرمایہ کار شرکت کریں گے، جب کہ ڈنمارک، فن لینڈ، کینیا اور یوکے کی کمپنیاں بھی شمولیت کی تصدیق کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان کی معدنی معیشت کے فروغ کا موقع ہے بلکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو ایک محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کا پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔ علی پرویز ملک کے مطابق فورم کے دوران بعض اہم معاہدے بھی طے پانے کی توقع ہے، جو ملک میں مائننگ سیکٹر کو نئی زندگی دینے میں مددگار ہوں گے۔
یہ فورم صرف ایک نمائش یا اجلاس نہیں بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک ممکنہ گیم چینجر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ معدنیات کے شعبے میں پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور روزگار کے نئے مواقع کے دروازے کھولنے کے لیے یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔