اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک اہم اور فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیے گئے 53 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں، تاکہ غیر قانونی امیگریشن اور بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی بھی شریک تھے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے خلاف مکمل کارروائی کرتے ہوئےان کےپاسپورٹ بلاک کر دیے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے نئی امیگریشن پالیسی کے تحت پاسپورٹ کے حصول کے لیے سخت شرائط کے نفاذ کی ہدایت کی اور کہا کہ قانونی معاملات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ مستقبل میں غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے سے بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سنجیدہ ہے اور ایسے اقدامات سے ملک کا وقار بلند ہوگا۔