سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترک وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کے کسی بھی خیال کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے غزہ پر وزارتی کمیٹی کے ایک اہم اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ یہ نقل مکانی اور اس کی کوئی بھی قسم ہمیں منظور نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کو رضاکارانہ طور پر غزہ سے روانگی کے لیے بھی رضامند نہیں کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پہلے فلسطینیوں پر بدترین جاری جارحیت ، جس میں انھیں زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم کیا جا رہا ہے، کو بند کیا جائے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح طور پر کہا کہ ایک طرف غزہ والوں پر بمباری جاری ہے، پانی، خوراک ،بجلی اور ادویات کی رسائی بند کردی گئی ہے اور دوسری طرف انھیں کہا جارہا ہے کہ وہ رضا کارانہ طور پر وہاں سے چلے جائیں۔ یہ زبردستی ہے، ایسا نہیں ہوگا۔