کراچی : (ماریہ اسماعیل کی رپورٹ ) کراچی میں ازبکستان ایمبیسی اور ٹورازم کمیٹی ازبکستان کے زیر اہتمام ازبکستان کی ثقافت، سیاحت اور روایات پر مبنی منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ازبکستان کے روایتی رقص بھی پیش کیا گیا ۔
پاکستان میں ازبکستان کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے نجی ہوٹل میں ازبکستان ایمبیسی اور ٹورازم کمیٹی ازبکستان کی زیر اہتمام ازبکستان ٹورازم روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں ازبکستان کے تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے، اور منفرد روایات کو اجاگر کیا گیا۔
اس میں سندھ کے بھی تاریخی مقامات کی ڈاکومیٹری دیکھی گئی،اس تقریب میں خوبصورت ازبکستانی رقص نے خوب سماں باندھا۔
مہمانِ خاص گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ایڈوائزر طارق مصطفیٰ نے کہا کہ پاکستان میں سیاحتی فروغ کے ذریعے ملک اور بالخصوص شہر کراچی کی مثبت امیج اجاگر ہورہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گورنرسندھ کامستقبل میں منصوبہ ہے کہ ازبکستان اورپاکستان کے درمیان ڈائریکٹ فضائی تعلقات قائم کیے جائیں اور ایک دوسرے ملک کے وفودکاتبادلہ کیاجائے۔
ازبکستان ایمبیسی کی سیکریٹری رافشان جومانف اور ڈی جی سندھ ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سید فیاض علی شاہ نے کہا تقریب کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعلقات کو مضبوط کرنا اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ دنوں سے ازبکستان کا ایک اعلی سطح کاوفد پاکستان آیاہواہے۔