پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) محض ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ کرکٹ کے دیوانوں کے لیے ایک تہوار بن چکا ہے، جہاں ہر سال نیا ہیجان، نئی تاریخ اور نت نئے ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے ہیں۔ نو سیزنز پر مشتمل اس ایونٹ نے کئی یادگار لمحات کرکٹ کی تاریخ میں رقم کیے ہیں۔ آئیے ان دلچسپ اور منفرد ریکارڈز پر ایک نظر ڈالتے ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کو ناقابلِ فراموش بنا دیا۔
ملتان سلطانز نے 2023 میں بیٹنگ کا طوفان برپا کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 268 رنز بنا کر پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیم سکور بنایا۔ اس شاندار اننگز کے ہیرو عثمان خان تھے، جنہوں نے صرف 43 گیندوں پر 120 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی۔
وہیں دوسری طرف، 2017 میں لاہور قلندرز صرف 59 رنز پر پشاور زلمی کے خلاف ڈھیر ہو گئے، جس نے انہیں سب سے کم ٹیم اسکور کا ‘غیر رسمی تمغہ’ دلوایا۔اگر بات ہو انفرادی بیٹنگ کمالات کی تو جیسن روئے کا 145 رنز کا ناقابلِ شکست طوفان ابھی تک سب کے ذہنوں میں تازہ ہے، جب انہوں نے پشاور زلمی کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
بولنگ کے میدان میں روی بوپارا نے 2016 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے چھ کھلاڑی صرف 16 رنز پر پویلین واپس بھیج کر پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے شاندار بولنگ پرفارمنس اپنے نام کی۔وہاب ریاض نے وکٹوں کے شکار میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، اور اب تک 113 وکٹیں اپنے کیریئر میں سمیٹ چکے ہیں ایک مکمل باؤلنگ مشین
تیز ترین سنچری کی دوڑ میں بھی عثمان خان کا جادو سر چڑھ کر بولا، جنہوں نے صرف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ سنچریوں کے مجموعی ریکارڈ میں کامران اکمل اور شین واٹسن برابر رہے، دونوں نے تین تین سنچریاں بنا کر بیٹنگ کی دنیا کو حیران کیا۔
رنز کا بادشاہ کون؟ جی ہاں، وہ کوئی اور نہیں بلکہ بابر اعظم ہیں، جنہوں نے 3504 رنز کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کا بیٹنگ اوسط اور کلاس اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ کیوں انہیں جدید کرکٹ کا شہزادہ کہا جاتا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف لاہور قلندرز کی 119 رنز سے جیت نے پی ایس ایل کی سب سے بڑی فتح کا تاج اپنے سر سجا لیا، جب کہ فخر زمان کے 104 چھکوں نے یہ واضح کر دیا کہ جب وہ کریز پر ہوں تو گیند ہواؤں میں ہی سفر کرے گی۔
پی ایس ایل کے یہ ریکارڈز نہ صرف شائقین کو جوش و خروش دیتے ہیں بلکہ دنیا کو بھی بتاتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل کتنا روشن اور دلچسپ ہے۔ کون جانے، اگلے سیزن میں کون سا نیا ریکارڈ بنے، اور کون سا ٹوٹے — ایک بات طے ہے: پی ایس ایل ہر سال کرکٹ کا نیا میلہ لے کر آتا ہے، اور شائقین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے

Add A Comment