امریکی ریاست الاسکا سے تعلق رکھنے والی خاتون میری پرل زیلمر رابنسن نے ایک ایسا کارنامہ سرانجام دیا ہے جسے سُن کر کوئی بھی حیران رہ جائے گا۔ جی ہاں! انہوں نے دنیا کا سب سے بڑا مُنہ کھولنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر کے خود کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بنا لیا ہے۔ میری پرل کا مُنہ کھولنے کا اندازہ لگائیں تو وہ کسی عام انسان سے کہیں زیادہ، پورے 7.33 سینٹی میٹر تک اپنا مُنہ کھول سکتی ہیں یعنی اتنا کہ ایک پورا مالٹا یا یہاں تک کہ ایک لائٹ بلب بھی منہ میں سما جائے
دلچسپ بات یہ ہے کہ میری پرل کو بچپن سے ہی اس غیر معمولی صلاحیت کا علم تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سات بہن بھائیوں میں ایک تھیں اور بچپن میں اکثر ان سب کو حیران کرنے کے لیے اپنے منہ میں مختلف چیزیں ڈال لیا کرتی تھیں، جن میں پھل اور بلب بھی شامل تھے مگر یہ غیر معمولی ہنر تب تک کوئی ریکارڈ نہیں بنا سکا، جب تک انہوں نے سنا نہیں کہ دنیا میں سب سے زیادہ منہ کھولنے کا بھی ایک عالمی ریکارڈ موجود ہے۔
سابقہ ریکارڈ ہولڈر ایک شخص "رامسڈیل” تھے، جو اپنا منہ صرف 6.52 سینٹی میٹر تک کھول سکتے تھے۔ لیکن میری پرل نے انہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ حیرت انگیز ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف جسمانی صلاحیت کا ایک نادر مظہر ہے بلکہ یہ اس بات کی بھی مثال ہے کہ دنیا میں کوئی بھی انوکھا ہنر چھوٹا نہیں ہوتا بس اسے پہچاننے اور آگے لانے کی ضرورت ہے۔
میری پرل کی یہ کامیابی سوشل میڈیا پر بھی دھوم مچا رہی ہے، جہاں صارفین انہیں بگ ماؤتھ کوئین کے نام سے پکار رہے ہیں
کیا آپ بھی کوئی انوکھا ہنر رکھتے ہیں؟ شاید اگلا عالمی ریکارڈ آپ کا منتظر ہے