جب محبت نے سوٹ کیس پہن لیا،بھارتی یونیورسٹی میں فلمی انداز کی کوشش ناکام ہوگئی ہےواقعہ بھارت کی او پی جندل یونیورسٹی میں پیش آیا ایک ایسا واقعہ جس نے ہوسٹل لائف، نوجوانوں کی تخلیقی (یا شاید نادان) محبت اور سیکیورٹی چیکنگ کے انداز سبھی پر سوالات اٹھا دیے جب ایک طالبعلم نے مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ کو لڑکوں کے ہوسٹل میں چھپ کر لانے کے لیے سوٹ کیس میں بند کر دیا۔
واقعے کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جب سیکیورٹی گارڈز نے ایک بڑے سیاہ رنگ کے سوٹ کیس کی زپ کھولی اور اندر سے جھکی ہوئی حالت میں ایک لڑکی کو باہر نکلتے دیکھا۔ لڑکی کے چہرے پر حیرت اور ماحول کا بغور جائزہ ایک فلمی منظر جیسا تھا، جسے موبائل فون کیمرے نے قید کر لیا۔
ذرائع کے مطابق، واقعہ اُس وقت کھلا جب مبینہ طور پر سوٹ کیس کسی جگہ ٹکرایا اور اندر سے چیخ سنائی دی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے شک کی بنیاد پر کارروائی کی۔ لڑکی کی شناخت یا حیثیت سے متعلق یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا، اور تاحال یہ واضح نہیں کہ وہ یونیورسٹی کی طالبہ تھی یا باہر سے آئی تھی۔
واقعے کے بعد طالبعلم کے خلاف کسی ممکنہ تادیبی کارروائی پر بھی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے کو فلمی سین، مزاحیہ مہم، اور رومانس سے جُڑی نئی تخلیقی جہت قرار دیا۔ کسی نے لکھا، "سوٹ کیس اب صرف سفر کے لیے نہیں، محبت کے لیے بھی استعمال ہو رہا ہے”, تو کسی نے مزاحیہ انداز میں کہا، "ایسا اشتہار Samsonite یا VIP کمپنی کو بنانا چاہیے!
کچھ صارفین نے واقعے کو نوجوانوں کی آزادی پر غیر ضروری پابندیوں کا نتیجہ قرار دیا، جبکہ دوسروں نے اسے غیر ذمہ دارانہ عمل کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا۔
واقعہ اگرچہ ہنسی کا باعث بنا، مگر اس کے سائے میں کئی سوالات پوشیدہ ہیں: نوجوانوں کی ذاتی زندگی، یونیورسٹی کی حدود، اور سوشل میڈیا پر وائرل کلچر کی تیزرفتار دنیا۔
محبت کبھی چٹھی کے ذریعے چھپ کر آتی تھی، اب سوٹ کیس میں بند ہو کر آتی ہے۔ مگر پکڑی پھر بھی جاتی ہے۔