اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی جان لیوا شاہراہ کو اب محفوظ اور جدید ہائی وے میں بدلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ اب لوگوں کی جان نہیں لے گی بلکہ زندگیوں کو سہولت دے گی۔
اسلام آباد میں جناح اسکوائر انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی وہ سڑک، جس نے 2 ہزار قیمتی جانیں نگل لیں، اب موٹروے معیار کی ہائی وے میں تبدیل کی جائے گی۔ اس منصوبے پر 300 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی اور دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے تنقید کرنے والوں کو تنگ نظر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ کراچی، قلات، خضدار اور کوئٹہ کے درمیان شاہراہ اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سڑک کا منصوبہ نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کے دل کی آواز ہے۔
مزید برآں، وزیراعظم نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے حاصل رقم عوام کو سبسڈی دینے کے بجائے بلوچستان پر خرچ کی جائے گی، خاص طور پر این-25 کو دو رویہ کرنے میں۔ یہ اقدام بلوچستان کو قومی دھارے میں لانے اور دیرپا ترقی دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا وژن ہے، اور ٹیم ورک سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے محسن نقوی کو سراہا۔یہ منصوبہ بلوچستان کو نہ صرف بہتر سفری سہولیات دے گا بلکہ سماجی و اقتصادی ترقی کے دروازے بھی کھولے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وعدے کتنے جلد عملی شکل اختیار کرتے ہیں