اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان پیر کے روز ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خصوصی دعوت پر عمل میں آ رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید اسلام آباد آمد کے بعد اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے، جن میں سب سے اہم ملاقات اسحاق ڈار سے ہوگی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی توقع ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس اہم ملاقات میں نہ صرف دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا بلکہ خطے کی موجودہ صورتِ حال، عالمی چیلنجز اور باہمی تعاون کے نئے امکانات بھی زیرِ غور آئیں گے۔
شیخ عبداللہ بن زاید کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ متحدہ عرب امارات، پاکستان کا ایک قابلِ اعتماد اقتصادی و تجارتی شراکت دار رہا ہے، اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، اور انسانی وسائل کے شعبوں میں اہم معاہدے بھی کیے ہیں۔
اماراتی وزیر خارجہ کا دورہ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ یہ پاکستان کے خطے میں سفارتی روابط کو مزید فعال بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، بالخصوص خلیجی ممالک کے ساتھ معاشی اور تزویراتی تعاون کو وسعت دینے کی پالیسی کے تناظر میں۔ متوقع ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک نئی شراکت داریوں، ممکنہ معاہدوں اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے سلسلے میں مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کریں گے