ریاض سے تعلق رکھنے والے معروف سعودی ریسر یزید الراجحی نے موٹر اسپورٹس کی دنیا میں نیا باب رقم کر دیا ہے۔ جمعے کے روز ربع الخالی کے دشوار گزار صحرا میں ختم ہونے والے ڈاکار ریلی کے 12ویں اور آخری مرحلے میں فتح حاصل کر کے وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے سعودی ڈرائیور بن گئے۔
الاقتصادیہ کے مطابق، الراجحی نے کار کیٹیگری میں جنوبی افریقہ کے ہینک لیٹگن کو 3 منٹ 57 سیکنڈ کے معمولی فرق سے شکست دی، جب کہ سویڈن کے میتھیاس ایکسٹروم 20 منٹ 21 سیکنڈ کے فرق سے تیسرے نمبر پر رہے۔
بینکنگ کی دنیا میں شہرت یافتہ الراجحی فیملی کے چشم و چراغ، یزید الراجحی نے کئی برسوں کی انتھک محنت اور پے در پے کوششوں کے بعد بالآخر ڈاکار جیسے مشکل ترین مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
1978 میں شروع ہونے والی ڈاکار ریلی کو دنیا کے سب سے سنسنی خیز اور مشکل موٹر اسپورٹس ایونٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب نے 2020 سے اس عالمی ایونٹ کی میزبانی سنبھالی ہوئی ہے۔ اسی سال یزید الراجحی نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے خود کو نمایاں کیا تھا، لیکن اب وہ چیمپئن بن کر ابھرے ہیں۔
الراجحی کی یہ فتح نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ سعودی عرب کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ ہے، جو اس عالمی ایونٹ میں اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے۔