اسلام آباد:پاکستانی عوام کے لیے بجلی کے نرخوں میں ممکنہ کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے اعلان کیا ہے کہ اب سرکاری پاور پلانٹس کو دی جانے والی ریٹرن آن ایکوئٹی (ROE) جو پہلے ڈالر میں دی جاتی تھی کو اب پاکستانی روپے میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
یہ فیصلہ نندی پور، بلوکی، حویلی بہادر شاہ اور گدو 747 پاور پلانٹس کے ٹیرف میں کمی سے متعلق عوامی سماعت کے دوران سامنے آیا۔
سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ آپریشن اور مینٹیننس (O&M) کے اخراجات میں انڈیکسیشن کو بھی محدود کر دیا گیا ہے، یعنی روپے کی قدر میں کمی کا اثر صرف 70 فیصد تک ہی پڑے گا۔ اس سے بجلی کی قیمتوں میں بے قابو اضافے پر بریک لگنے کی امید ہے۔
عوامی سماعت کے بعد کیس کی مزید جانچ پڑتال کی جائے گی، اور رواں سال صارفین کو 22 ارب روپے تک کا ممکنہ ریلیف مل سکتا ہے۔ اگر فیصلہ صارفین کے حق میں آیا تو یہ حکومت کی بجلی مہنگائی کم کرنے کی کوششوں میں بڑا سنگ میل ثابت ہوگا۔