اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود کی اچانک بندش نے خطے میں فضائی سفر کو بحران سے دوچار کر دیا۔ درجنوں بھارتی پروازوں کو ہنگامی طور پر راستے تبدیل کرنے، مختلف ممالک میں ری فیولنگ اور عملے کے آرام کے لیے لینڈنگ کرنا پڑی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائی حدود جمعرات کی شام 6 بجے اچانک بند کی گئی، جس سے سب سے پہلے شارجہ سے آنے والی انڈیگو ایئر کی پرواز 6E1428 متاثر ہوئی۔ پرواز جب ایرانی حدود سے پاکستانی فضائی علاقے میں داخل ہونے ہی والی تھی کہ نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا، جس کے بعد طیارے کا رخ موڑ کر خلیج عمان کے اوپر سے گزارا گیا اور اسے احمد آباد ایئرپورٹ پر فیولنگ کے لیے اتارا گیا۔
اسی طرح ٹورنٹو سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI190 کو کوپن ہیگن میں ہنگامی طور پر لینڈ کروایا گیا تاکہ جہاز کو دوبارہ فیول کیا جا سکے اور عملے کو ریسٹ دیا جا سکے۔ پیرس سے دہلی کی پرواز AI148 کو ابوظہبی میں جبکہ لندن سے آنے والی AI162 کو بھی ابوظہبی میں لینڈنگ کرنا پڑی۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ اس واقعے کے بعد بھارتی حکام کے ممکنہ اقدامات کے پیش نظر پاکستان نے احتیاطی طور پر بھارتی ملکیت یا بھارتی آپریٹرز کی تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق یہ فضائی بندش ایک ماہ کے لیے مؤثر رہے گی اور 23 مئی کی رات 12 بجے تک نافذ العمل ہوگی۔ نوٹم جاری کیے جانے کے بعد سے تمام بھارتی پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور ایئر لائنز کو اپنے روٹس فوری طور پر از سرِ نو ترتیب دینا پڑے ہیں