پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث 2 درجن سے زائد بھارتی براڈکاسٹرز نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن پر اثر انداز ہو رہی ہے، قومی سلامتی کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا ہے، جس کے باعث بھارتی براڈ کاسٹرز کو بھی پاکستان چھوڑنا پڑرہا ہے۔
براڈکاسٹرز نے پی ایس ایل انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے تمام سٹاف ممبران کو بھی کوئی بیان نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ’پی سی بی اور وزارت خارجہ پی ایس ایل پروڈکشن کے لیے آنے والے بھارتی شہریوں کے ویزوں کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، ہماری ذمہ داری انہیں سیکیورٹی فراہم کرنا تھی، جس کا انتظام ان کی حیثیت کے مطابق کیا جارہا تھا۔‘ فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ اور براڈ کاسٹرز موجودہ صورتحال کو سنبھالنے کے طریقے تلاش کررہے ہیں۔دوسری جانب پی ایس ایل انتظامیہ پی ایس ایل 10 کی براڈکاسٹنگ کے لیے پہلے سے موجود عملے کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے افراد کو بھی طلب کرنے پر غور کررہی ہے