ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مستحق خاندانوں کی ہاؤسنگ ملکیت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک عظیم قدم اٹھاتے ہوئے اپنے ذاتی فنڈز سے ایک ارب ریال مختص کر دیے ہیں۔ یہ فنڈز پرائیویٹ ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن "سکن” کے ذریعے مستحق خاندانوں کی رہائش کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہدایت جاری کی ہے کہ یہ منصوبہ 12 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے اور اس کی تعمیر و تکمیل میں صرف قومی کمپنیوں کو شامل کیا جائے۔ مزید برآں، اس منصوبے کی پیش رفت کی نگرانی کے لیے ہر ماہ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ منصوبے کی رفتار اور معیار پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔
یہ اقدام سعودی عرب میں شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے، معاشرتی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور "وژن 2030” کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی عظیم تر کوششوں کا حصہ ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے اس فیصلے کو سعودی عوام اور سوشل میڈیا پر بھرپور سراہا جا رہا ہے، جسے انسانی ہمدردی اور عوامی بہبود کی ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ "سکن” فاؤنڈیشن پہلے ہی ملک بھر میں کم آمدنی والے طبقے کے لیے معیاری اور پائیدار رہائشی منصوبے تیار کرنے کے لیے سرگرم ہے، اور اب ولی عہد کے ذاتی تعاون سے ان کوششوں کو مزید تیزی اور وسعت حاصل ہوگی۔