اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جس کے تحت موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تقریباً 70 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم دیے جانے کا قوی امکان ہے۔ یہ فیصلہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے 9 مئی کو ہونے والے اہم اجلاس میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں نہ صرف قرض پروگرام کی اگلی قسط یعنی 1.1 ارب ڈالر کے اجرا پر غور کیا جائے گا بلکہ پاکستان کے لیے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے فنڈ کی پہلی قسط کی منظوری بھی زیر غور آئے گی۔ اگر یہ منظوری ملتی ہے تو پاکستان کو 12 مئی تک یہ رقم موصول ہو سکتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان نے چین سے مزید 10 ارب یوان کے مالی تعاون کی درخواست بھی دے دی ہے، جس سے ملک کی معاشی پوزیشن کو مزید استحکام ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد حال ہی میں پاکستان کا دورہ کر چکا ہے اور اس نے موجودہ مالی پروگرام کے تحت اگلی قسط جاری کرنے کی باقاعدہ سفارشات بھی کی ہیں۔یہ پیش رفت پاکستان کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، جو نہ صرف اقتصادی بہتری کی جانب قدم ہے بلکہ ماحولیاتی محاذ پر بھی عالمی اعتماد کا مظہر ہے