مکہ مکرمہ :سعودی حکومت نے حج سیزن 1446 ہجری کے پیش نظر ایک تاریخی اور فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے آج سے مکہ مکرمہ میں صرف حج ویزا رکھنے والے افراد کے داخلے اور قیام کو قانونی قرار دے دیا ہے، جب کہ تمام دیگر اقسام کے ویزوں پر آنے والے افراد کے لیے مقدس شہر میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے کیے گئے ان حفاظتی و انتظامی اقدامات کا حصہ ہے، جن کا مقصد حجاج کرام کی حفاظت، مناسکِ حج کی پرامن ادائیگی، اور حج سیزن کے دوران مثالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت کے اعلامیے کے مطابق:
"منگل، یکم ذو القعدہ 1446ھ (29 اپریل 2025ء) سے مکہ مکرمہ میں صرف ان افراد کو داخلے اور قیام کی اجازت ہو گی، جن کے پاس حج ویزا موجود ہو۔ دیگر تمام اقسام کے ویزوں پر آنے والوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔”
وزارت داخلہ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ تمام افراد ان احکامات پر مکمل عمل کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ قدم نہ صرف انتظامی اعتبار سے ایک سنگِ میل ہے بلکہ اس سے لاکھوں حجاج کو سہولت، سلامتی اور سکون میسر آئے گا۔
سعودی حکومت کے اس فیصلے کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، جو حج جیسے عظیم فریضے کی ادائیگی کو پرامن اور منظم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔