دوحہ: قطر کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ایک بڑی ہلچل متوقع ہے، کیونکہ آج بدھ کے روز معروف قطری ادارے قطری دیار اور گلوبل کی جانب سے امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشہور برانڈ کے تحت ایک شاندار اور پرتعیش رئیل اسٹیٹ منصوبے کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔
یہ اعلان قطر کے ساحلی علاقے سیمائسما میں واقع ایک میگا پروجیکٹ میں ٹرمپ آرگنائزیشن کی شراکت داری کا ہے، جس میں ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کورس اینڈ ٹرمپ ولاز شامل ہوں گے۔ یہ منصوبہ دوحہ سے تقریباً 40 منٹ کی مسافت پر واقع ہے، اور سمندر کنارے سیاحتی، رہائشی و تفریحی طرزِ زندگی کی نئی جہت متعارف کرانے جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سیمائسما بیچ سائیڈ ڈویلپمنٹ کی مجموعی مالیت تقریباً 5.5 ارب ڈالر ہے۔ یہ منصوبہ 7 کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا، جس میں 18 ہولز پر مشتمل گالف کورس، انٹرٹینمنٹ ریزورٹ ڈسٹرکٹ، اور لیجنڈ تھیم پارک جیسے پرکشش مقامات شامل ہوں گے۔
آج ہونے والے اعلان میں ایرک ٹرمپ جو ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر ہیں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ انہوں نے ایک خصوصی گفتگو میں کہاخلیجی ممالک مضبوط امریکہ پر انحصار کرتے ہیں۔ ان کی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات سے جڑی ہے۔
یہ قطر میں ٹرمپ برانڈ کا پہلا منصوبہ ہو گا، جو نہ صرف مقامی مارکیٹ بلکہ خلیجی خطے میں بھی بزنس اور پبلک ڈپلومیسی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ آرگنائزیشن نے دبئی، ریاض، جدہ اور اومان میں منصوبے شروع کر رکھے ہیں، جو ڈار گلوبل کے ساتھ شراکت داری میں چل رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب رائٹرز نے اس منصوبے پر تبصرے کے لیے قطری دیار اور ٹرمپ آرگنائزیشن سے رابطہ کیا، تو دونوں نے فوری طور پر تبصرے سے گریز کیا۔ لیکن سفارتی حلقے اور رئیل اسٹیٹ ماہرین اس پیش رفت کو کاروباری ڈپلومیسی کا نیا موڑ قراردےرہےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتوں میں سعودی عرب اور قطر کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو اس منصوبے کو مزید سیاسی اور اقتصادی اہمیت دے گا۔