اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے قوم کے ساتھ متحد ہیں، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتِ حال، پاک-بھارت کشیدگی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، اور پاکستان کی مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے حالیہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل سویلین آبادی کو نشانہ بنانے، سندھ طاس معاہدے کی معطلی، سفارتی عملے کی بے دخلی اور ویزوں کی منسوخی جیسے اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارت داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مصنوعی بحران پیدا کر رہا ہے، جس کی مثال 2019 کے پلوامہ ڈرامے سے لی جا سکتی ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے خبردار کیا کہ بھارت اگر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے تو اس کے اثرات 24 کروڑ پاکستانیوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں سنگین عدم استحکام پیدا ہوگا۔
فورم نے پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں میں بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے براہ راست ملوث ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
کانفرنس میں زور دیا گیا کہ پاکستان امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے، تاہم اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پاکستان اپنی عوام کی امنگوں اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
پہلگام حملے کے بعد بھارتی الزام تراشی کے جواب میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی، فضائی حدود و تجارت کی بندش، بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی کمی اور بھارتی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے جیسے اقدامات کا اعلان کیا۔ صرف سکھ یاتریوں کو استثنیٰ حاصل ہے، باقی تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 30 اپریل کو ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں جارحیت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تمام فارمیشنز اور اسٹرٹیجک فورسز کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر محاذ پر مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔