اسلام آباد: بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسیاں ایک بار پھر انسانیت کی تمام حدیں پار کرنے کو تیار! سکیورٹی ذرائع نے ہوش اُڑا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید 56 پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرز میں قتل کرنے کا گھناؤنا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی خفیہ ادارے ان بے گناہ پاکستانیوں کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں جھوٹے دہشتگردی کے الزامات لگا کر مارنے کے درپے ہیں۔ اس سفاک منصوبے کے تحت بھارتی میڈیا کو ان افراد کی لاشیں، پلانٹڈ ہتھیاروں کی ویڈیوز اور تصاویر فراہم کی جائیں گی، تاکہ انہیں ‘پاکستانی دہشتگرد’ قرار دیا جا سکے۔
یہی نہیں، اطلاعات یہ بھی ہیں کہ بعض افراد سے زبردستی پاکستان مخالف بیانات اور جھوٹے اعترافات بھی دلوائے جائیں گے تاکہ عالمی برادری کو گمراہ کیا جا سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر پہلے ہی عالمی فورمز پر بھارتی جیلوں میں قید ان پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کر چکے ہیں، جنہیں بھارت بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قید رکھے ہوئے ہے۔
یہ انکشاف ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے تحت 22 افراد کی ہلاکت کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے۔ تاہم پاکستان نے بھرپور اور حقائق پر مبنی ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
پہلگام واقعے کے بعد خطے میں تناؤ بڑھا ہے، تاہم پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی، یا پانی روکنے جیسا اقدام کیا تو اسے ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا کہ تاریخ یاد رکھے گی۔